02 فروری ، 2012
اسلام آباد… پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ایم کیو ایم کے عبدالقادر خانزادہ تشویش کا اظہار کیاہے ، قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہو ے ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لئے ایسا فارمولا بنایا جائے جس سے عوام متاثر نہ ہوں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرے۔ وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اوگرا کو کنٹرول کرنے کے لیے پارلیمنٹ کوئی کمیٹی بنائے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین وزارت پٹرولیم نہیں اوگرا کرتی ہے، مجھے فارمولے کا علم ہے کہ قیمتوں کو ہر ماہ کیسے متعین کیا جاتا ہے، وزارت پٹرولیم کا قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق کوئی کردار نہیں، گیس کے گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، صرف سی این جی کی قیمتوں میں 36 پیسے کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔