Time 17 اگست ، 2017
پاکستان

این اے 120: اعتراضات مسترد، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور


لاہور: این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے بیگم کلثوم نواز کے بطور مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی اس نشت پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

این اے 120 پر تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد، مسلم لیگ (ن) کی کلثوم نواز اور میاں نعمان عثمان ان کے کورنگ امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ نشست کے لیے پاکستان عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کے امیدوار سمیت آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔

بیگم کلثوم نواز لندن روانگی کے باعث خود ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہوئیں

آج ریٹرننگ آفیسر نے امیدواران کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور کلثوم نواز کو دوپہر تین بجے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ آج صبح لندن روانہ ہوگئیں جس کے بعد ان کے کورنگ امیدوار میاں نعمان عثمان اور وکیل ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

الیکشن کمیشن آفس میں مسلم لیگ (ن) کے وکلا نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات کے دفاع میں دلائل دیئے جب کہ اس دوران عوامی تحریک، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کے وکلا نے کاغذات پر اعتراضات اٹھائے جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا۔

ریٹرننگ آفیسر نے اپوزیشن کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات پر اٹھائے گئے تمام 9 اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اعتراضات کی فوری تحقیق کا وقت نہیں ہے لہٰذا اعتراضات اٹھانے والے اپیلٹ ٹریبونل میں فیصلہ چیلنج کرسکتے ہیں۔

کاغذات منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ کلثوم نواز کے خلاف اعتراضات چند اخبارات کے تراشے تھے جس میں الف لیلیٰ کی کہانیاں اور ذاتی خواہشات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اعتراضات دیکھ کر ہنسی آئی، یہ وہی اعتراضات ہیں جو عمران خان اور اس کا ٹولہ لگاتارہا، الزامات لگانے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھے، اعتراضات لگانے والوں نے قوم کا وقت ضائع کیا، ان لوگوں کو آئینے میں اپنی شکل دیکھنےکی ضرورت ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ کلثوم نواز طبی بنیادوں پر لندن روانہ ہوئی ہیں اور ان کی روانگی کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا گیا تاہم وہ تین سے چار روز میں وطن واپس آجائیں گی۔

جیونیوز نے کلثوم نواز کی واپسی کے ٹکٹ کا عکس حاصل کرلیا ہے جس میں ان کی واپسی کی تاریخ 23 ستمبر موجود ہے تاہم (ن) لیگ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ کلثوم نواز کے ٹکٹ پر تاریخ ٹریول ایجنٹ کی جانب سے ڈالی گئی بصورت دیگر ان کی واپسی کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔

تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی منظور

علاوہ ازیں تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کےلیے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

کاغذات منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ کلثوم نواز پر25 اعتراضات لگائے ہیں، بیگم کلثوم نواز کو قوانین کی پاسداری کرنا ہوگی۔

یاسمین راشد نے کہا کہ بیگم کلثوم نوازنے نامزدگی سے متعلق تمام فارمز نہیں بھرے، انہوں نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اور حقائق چھپانے پر ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔

مزید خبریں :