سردار یعقوب خان مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر منتخب

سردار یعقوب خان نصر مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر منتخب ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چیرمین راجا ظفرالحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب نصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق صدر (ن) لیگ نواز شریف اور پنجاب کے صدر شہباز شریف موجود نہیں تھے تاہم وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پنجاب ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کا حصہ تھے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سابق صدر نواز شریف نے سردار یعقوب نصر کو قائم مقام صدر بنانے کے لئے گرین سگنل دیا تھا۔

سردار یعقوب نصر نے 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ کے ٹکٹ پر بلوچستان سے انتخاب لڑا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد 2015 میں انہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق جب تک پارٹی کے انتخابات نہیں ہوجاتے اس وقت تک سینیٹر سردار یعقوب نصر پارٹی کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ 8 اگست کو الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لئے مسلم لیگ (ن) نئے صدر کا انتخاب کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔

مزید خبریں :