دنیا
Time 29 اگست ، 2017

شمالی کوریا کا جاپانی فضائی حدود میں کامیاب بیلسٹک میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو جاپانی فضائی حدود سے ہوتا ہوا سمندر میں گرا جب کہ جاپان نے شمالی کوریا کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

شمالی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل نے 2700 کلو میٹر طویل سفر کرنے کے بعد ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

 میزائل جاپانی جزیرے ہوکیادو کی فضائی حدود پر 550 کلو میٹر بلندی پر پرواز کرتے ہوئے سمندر میں جاگرا۔

شمالی کورین فوج کے مطابق میزائل کا تجربہ دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریبی علاقے سونن سے کیا جہاں صبح 6 بجے بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا۔

جاپانی فوج نے اپنی حدود سے گزرنے والے شمالی کورین میزائل کو تباہ کرنے کی کوشش نہیں کی جو صبح مقامی وقت کے مطابق 6 بجکر 6 منٹ پر فضائی حدود سے ہوتا ہوا سمندر میں گرا۔

دوسری جانب جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے شمالی کورین میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فضائی حدود سے میزائل فائر کرنا ایسا سنجیدہ خطرہ ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور یہ اقدام علاقائی امن اور سیکیورٹی کے لئے باعث خطرہ بنے گا۔

جاپانی وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جن کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادی ممالک شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے پر متفق ہیں۔

جاپانی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اسی قسم کا میزائل ہے جو شمالی کوریا امریکی علاقے گوام میں فائر کرنے کی دھکمی دیتا ہے۔ 

مزید خبریں :