Time 31 اگست ، 2017
پاکستان

بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فوری حل نہیں ہو سکتا، میئر کراچی


میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فوری حل نہیں ہوسکتا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے میئر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کو نیا سیوریج سسٹم درکار ہے اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو بھی بتا دیا کہ مربوط نظام شہر کے لئے ناگزیر ہوچکا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ کچرا نالوں میں نہ جانے دیں، کچرا ٹھکانے لگانے کا نظام درست ہونے تک نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

میئر کراچی نے کہا کہ 60 فیصد کچرا روز کراچی کے نالوں میں جا رہا ہے، جب تک سیوریج سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہوگی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہائی ٹائیڈ کی وجہ سے سمندر کا پانی واپس آرہا ہے اور ہم سندھ حکومت سے مکمل ناامید ہیں۔

دوسری جانب وزیر بلدیات جام خان شورو نے بھی کراچی میں بارش کے بعد سڑکوں پر جمع ہونے والی پانی کی صورتحال پر جیو نیوز سے خصوصی بات کی۔ 

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے کراچی میں نکاسی کے لئے کے ایم سی کو 50 کروڑ روپے دیے اس کے باوجود نکاسی کی ابتر صورتحال ہے۔

جام خان شورو نے کہا کہ کراچی میں گجر نالے اور محمود آباد نالے چوڑے کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مزید خبریں :