01 ستمبر ، 2017
کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی کوششوں کے بعد بڑی اور اہم شاہراہوں پر جمع ہونے والا پانی صاف کردیا گیا۔
کراچی میں گزشتہ روز بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں تھیں تاہم آج کئی اہم سڑکوں سے بارش کا پانی صاف کردیا گیا ہے۔
شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، خالد بن ولید روڈ، سندھ اسمبلی اور گورنر ہاوس کے قریب سے بھی بارش کا پانی صاف کردیا گیا ہے۔
سوبھراج اسپتال کے باہر سے پانی صاف کر دیا گیا تاہم بڑی شاہراہوں کے اطراف کے علاقوں اور آبادیوں میں کئی فٹ پانی موجود ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی اور رینجرز کی 15 ٹیمیں ڈی واٹرنگ آلات کے ساتھ امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غریب آباد اور لیاقت آباد انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کرلی گئی جب کہ لیاقت آباد انڈر پاس، ناظم آباد انڈر پاس، سرجانی سیکٹر 4 بی، یوسف گوٹھ اور اجتماع گاہ منگھو پیر سے بھی پانی نکالا جارہا ہے۔
بارش کا پانی سپر ہائی وے کی طرف سے مسلسل سعدی ٹاون میں داخل ہو رہا ہے، جہاں گزشتہ روز رینجرز کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری تھیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق حکومت سندھ اور بلدیاتی نمایندے رات کو صورتحال کا جائزہ لینے آئے لیکن تمام تر صورتحال دیکھ کر چلے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور مختلف واقعات میں 4 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
پاکستان چوک پر فلیٹ کی بالکونی گرنے سے بجلی کے تار ٹوٹ کر قربانی کے جانوروں پر گرنے کے نتیجے میں 2 بیل اور 3 گائے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئیں تھیں۔