Time 01 ستمبر ، 2017
پاکستان

کراچی میں آج بھی ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری


کراچی: شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی بارشوں سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی تھیں تاہم پاک فوج کی امدادی کارروائیوں میں مدد سے اہم شاہراہوں سے پانی صاف کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے، ملیر ایئرپورٹ، سہراب گوٹھ، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

جب کہ لیاری، صدر اور اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسم ابر آلود ہے اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سپر ہائی وے مویشی منڈی میں گزشتہ روز کی بارشوں سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے، منڈی میں پانی اور کیچڑ کی وجہ سے جہاں بیوپاری مشکلات سے دوچار ہیں وہیں جانور بھی مصیبت میں آگئے ہیں۔

منڈی میں جانوروں کے لیے چارہ اور پانی نایاب ہوگیا ہے۔ منڈی انتظامیہ کے مطابق منڈی میں اب 30 فیصد جانور رہ گئے ہیں لیکن بارش کے باعث خریدار منڈی کا رخ نہیں کررہے اور شہر کے دیگر علاقوں میں لگی چھوٹی منڈیوں سے جانور خرید رہے ہیں۔

واضح رہےکہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں میں حادثات کے نتیجے میں 14 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 5 جانور بھی حادثات کی نذر ہوگئے۔

مزید خبریں :