پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2017

ہماری نظر ثانی کی اپیل پر نظرثانی ہوئی ہی نہیں، طلال چوہدری

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری نظر ثانی کی اپیل پر نظر ثانی ہوئی ہی نہیں۔

جیونیوز سے گفتگو میں پاناما کیس نظر ثانی اپیلوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ہماری نظرثانی کی اپیل پر نظر ثانی ہوئی ہی نہیں، ہے،ہمارا کیس تھا کہ ہمیں ٹرائل کے بعد کوئی سزا دی جائے اور اپیل کا حق ہونا چاہیے، دہشت گردوں کو بھی اپیل کا حق ملتا ہے لیکن وزیراعظم کو نہیں ملا اور اس کے بغیر ہی نااہلی ہوگئی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ہماری بنیادی اپیل یہ تھی کہ اس کیس میں بہت ساری چیزیں پہلی بار ہوئیں لیکن فری ٹرائل اور اپیل کے حق پر نظر نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نظام عدل کے سامنے پیش ہوکر اس کی خامیوں کو نمایاں کیا، ہم اسی لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کررہے ہیں کیونکہ ایک وزیراعظم کو انصاف نہیں ملا تو عام آدمی کو کیسے ملے گا۔

(ن) لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ یہ وہ تمام چیزیں ہیں جو ہم نے عوام کے سامنے رکھیں اور ہم اب عوام کا فیصلہ چاہتے ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ قانونی اور سیاسی مشاورت کے بعد عدالتی فیصلے پر اپنا فیصلہ کریں گے۔

مزید خبریں :