Time 24 ستمبر ، 2017
پاکستان

شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات کچھ دیر بعد، کئی اہم فیصلے متوقع

سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ون آن ون اہم ملاقات آج لندن میں ہوگی جس میں مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مستقبل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

جیو نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے صاحبزادے حسن نواز کے لندن میں واقع دفتر پہنچ چکے ہیں جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ 

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کو پاکستان کے سیاسی حالات اور زمینی حقائق سے آگاہ کریں گے۔

ملاقات میں نوازشریف کے پاکستان آنے یا نہ آنے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے جبکہ شہباز شریف انہیں پاکستان نہ آنے کا مشورہ بھی دے سکتے ہیں۔

شہباز شریف نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے کیسز سمیت دیگر حالات سے بھی آگاہ کریں گے اور کہیں گے کہ آئینی ترمیم تک انہیں پارٹی سربراہ بنا دیا جائے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ شہباز شریف نواز شریف کو پاکستان میں اپنی سیاسی اور غیر سیاسی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے اور کچھ اہم شخصیات کے پیغامات بھی ان تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن جانے سے قبل مولانا فضل الرحمان، چوہدری نثار علی خان، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ حارث سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے سیاسی امور اور ملکی سیاسی حالات پر صلاح مشورہ کیا تھا جبکہ ایک غیر سیاسی شخصیت سے بھی ان کی اہم ملاقات ہوئی تھی۔

مزید خبریں :