Time 27 ستمبر ، 2017
پاکستان

ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہ کیا جائے، وزارت داخلہ کا الیکشن کمیشن کو خط

وزارت داخلہ نے ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق دفتر خارجہ نے ملی مسلم لیگ رجسٹرڈ نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔

الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کے مطابق وزارت داخلہ نے ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہ کرنے کا فیصلہ وزارت خارجہ اور انٹیلی جنس ایجنسیز کی سفارشات پر کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ لشکر طیبہ کو 14 جنوری 2002 کو کالعدم قرار دیا گیا جب کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر 27 جنوری 2017 کو پابندی لگائی گئی۔

خط کے متن کے مطابق ملی مسلم لیگ لشکر طیبہ، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ایک دوسرے سے جڑی ہیں اور یہ جماعتیں ایک ہی نظریہ رکھتی ہیں جب کہ وزارت داخلہ نے ان تنظیموں کا معاملہ سیکیورٹی ایجنسیز کے سامنے بھی اٹھایا تھا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے لئے این او سی طلب کیا تھا۔

جب کہ 7 اگست کو مذہبی جماعت 'جماعت الدعوۃ' نے ملی مسلم لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا تھا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی اور فلاحی ملک بنانے کے لیے ملی مسلم لیگ بنائی گئی ہے اور 2018 کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ، امریکا اور بھارت جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں جبکہ تنظیم کے سربراہ حافظ سعید ان دنوں نظر بند ہیں۔ 

مزید خبریں :