11 اکتوبر ، 2017
بنگلادیش میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی شدید مالی مسائل سے دوچار ہوکر ٹکے ٹکے کو ترس گئے۔
ایشیاء کپ میں شرکت کرنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تین روز گزرنے کے باوجود ڈیلی الاؤنس سے محروم ہیں اور ادھار مانگ کرگزارا کررہے ہیں۔
غیر ملکی دورے پر ایک کھلاڑی کا ڈیلی الاؤنس 100 ڈالر ہے جب کہ مینیجر اور کوچز کو 150 ڈالر ملتے ہیں لیکن تین روز گزر گئے نہ کھلاڑیوں کو پیسے ملے نہ مینیجر اور کوچز کے اکاؤنٹ میں پیسے آئے جس کی وجہ سے کھلاڑی صرف ہوٹل اور گراؤنڈ تک محدود ہیں۔
پی ایچ ایف نے روانگی سے قبل کھلاڑیوں کو یقین دلایا تھا کہ بنگلادیش پہنچتے ہی پیسے ان کے اکاؤنٹ میں آجائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیسے بھجوانے میں تاخیر ہوگئی ہے تاہم ایک دو روز میں پیسے انہیں مل جائیں گے۔