پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

انتخابات جیتنے کے بعد ملک کے اداروں کو ٹھیک کریں گے، عمران خان


مالاکنڈ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت الیکشن 2018 میں کامیاب ہوکر ملک میں اداروں بشمول نیب اور ایف بی آر کو ٹھیک کرے گی۔

مالاکنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ طاقتور کیلیے ایک اور کمزور کیلیے دوسرے قانون سے قومیں تباہ ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک تب تباہ ہوتا ہے جب ملک کے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، گورننس کی ناکامی سے ہی ملک مقروض ہوگیا ہے، آج بنگلا دیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے، دنیا کی خوشحال قوموں کا گورننس سسٹم بہترین ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں تو ملک آگے جاتا ہے، درست نظام میں عدالتیں فیصلہ کرتی ہیں تو یہ نہیں کہا جاتا کہ مجھے کیوں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ آیندہ انتخابات میں جیتنے کے بعد ملک کے اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورننس کا مطلب ملکی اداروں میں قانون اور میرٹ کا نظام بہتر کرنا ہوتا ہے، مسلمان ملکوں کے پیچھے رہنے کی ایک وجہ بادشاہت ہے۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں ملزمان 40 گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ عدالت آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں پولیس کا نظام بہتر کیا، پنجاب اور سندھ میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں، اے ڈی خواجہ خود کہتے ہیں کہ سندھ میں پولیس افسران پیسے دیکر اوپر آتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہتر پولیس کی وجہ سے جرائم میں 70 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی طرح ہر ادارہ ٹھیک ہوسکتا ہے، ہم میرٹ پر آئی جی کو لائے تو خیبرپختونخوا پولیس میں بہتری آگئی۔

مزید خبریں :