30 اکتوبر ، 2017
احتساب عدالت نے سندھ پولیس میں میگا کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق آئی جی غلام حیدر جمالی، سابق اے آئی جی فدا حسین اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔
کراچی کی احتساب عدالت نے سندھ پولیس میں میگا کرپشن ریفرنس کی سماعت کی اس موقع پر نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر سندھ پولیس میں 881 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔
نیب نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 50 کروڑ 46 لاکھ 61 ہزار 664 روپے کا نقصان پہنچایا۔
سماعت کے دوران نیب کے گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا جب کہ ملزمان کے وکلا نے نیب کے گواہ پر جرح بھی مکمل کرلی۔
جس کے بعد عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشل آئی جی فدا حسین سمیت دیگر 8 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ریفرنس کے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی۔