01 نومبر ، 2017
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی پُر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے، تمام چیلنجز کے باوجود سربلند ہونا جانتی ہے۔
اکیس اکتوبر کو خنجراب سے شروع ہونے والی موٹر ریلی گوادر میں اختتام پذیر ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب میں آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ریلی کےمنتظمین اور شرکاء کوداد و تحسین پیش کی ۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہر چیلنج کے باوجود ہم نے ابھرنا ہی ہے، کامیاب موٹر ریلی پُرامن پاکستان کے دعوے کا ثبوت ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خنجراب تا گوادر ہر پاکستانی امن و ترقی کا خواہاں ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی میں سی پیک منصوبے کی کامیابی مضمرہے۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کی اقتصادی و معاشرتی ترقی کےلیے پاک فوج صوبائی حکومت کےساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔