Time 06 نومبر ، 2017
پاکستان

الیکشن کا کسی صورت التوا نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کا کسی صورت التوا نہیں ہونے دیں گے، عام انتخابات کا بروقت انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ ن کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں سے اس حوالے سے تعاون نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے آئینی ترمیمی بل کے معاملے پر نوازشریف نے سیاسی جماعتوں سے رابطےکیلیے5رکنی کمیٹی بنا دی جس میں اسپیکر سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر قانون زاہد حامد شامل ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجلاس میں چودھری نثار بھی تجاویز پیش کرتے رہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستان میں قبل از انتخابات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کر کے 5 جون 2018 کو تحلیل ہوں گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آئینی اور جمہوری ملک ہے اور اس ملک کا ایک ہی این آر او ہے جو عوام کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام جمہوری عمل کے محافظ ہیں لیکن کچھ لوگ کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق عام انتخابات کرانے پر سب جماعتوں نے اتفاق کیا اور حکومت اس معاملے پر تمام جماعتوں سے دوبارہ بات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 نومبر کو آئینی ترمیم پاس ہوئی تو الیکشن کمیشن 2018 کے انتخابات کی تیاریاں کرے، عام انتخابات اگست 2018 کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

آج عمران خان نے اٹک میں جلسے کے دوران کہا کہ قبل از وقت انتخابات جمہوریت کا حصہ ہے، حکومت کو بار بار کہہ رہے ہیں جلدی الیکشن کرائے۔

مزید خبریں :