پاکستان
Time 13 نومبر ، 2017

قندیل قتل کیس: مفتی قوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع

لاہور: عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔

پولیس نے مفتی عبدالقوی کو گزشتہ سماعت پر جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان کی عدالت میں پیش کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

جیونیوز کےمطابق پولیس نے آج مفتی عبدالقوی کا 12 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر نے پراسیکیوٹر کو مکمل چالان جمع کرادیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مفتی عبدالقوی کے مزید جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے ملزم کا مزید 7 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا جب کہ مفتی عبدالقوی کو 20 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

مزید خبریں :