03 فروری ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کا تحریری آرڈر جاری کردیا ہے ، فیصلہ ساتوں ججز نے متفقہ طور پر جاری کیا۔ جٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سات رکنی بنچ نے گزشتہ روز این آر او عملدرآمد کیس میں وزیراعظم گیلانی کے خلاف توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کا حکم سنایاتھا، عدالت نے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں آرڈر کا پس منظر تحریر کیا ہے ، اس کے مطابق این آر او کالعدم قراردینے کے عدالتی فیصلے کے پیرگراف نمبر 178 پر عمل نہ ہونے پر وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا، یہ پیراگراف سوئٹزرلینڈ میں صدر آصف علی زرداری کے خلاف سابقہ مقدمات کی بحالی سے متعلق ہے، عدالتی آرڈر میں لکھاگیا ہے کہ وزیراعظم پر فردجرم عائد کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم کو تیرہ فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔