پاکستان
Time 30 نومبر ، 2017

ملک بھر میں جشن میلاد مصطفیٰ ﷺ کی تیاریاں، مساجد اور محلے سج گئے

آقائے دو جہاں سرور کائنات محمد مصطفٰیﷺ کا یوم ولادت منانے کے لیے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں، مساجد اور گلی محلوں کے ساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجادیا گیا ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد کی تمام سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگ مگ کررہی ہیں جب کہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر عمارتیں بھی سجا دی گئی ہیں۔

آقا کی آمد مرحبا کہنے کے لیے لاہور میں بھی خوب تیاریاں کی جارہی ہیں، گلی کوچے اور مساجد اس خوبصورتی سے سجائی گئی ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ جائیں۔

جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں کراچی میں بھی پورے عروج پر ہیں، گلی محلوں کی سجاوٹ کے ساتھ سبز پرچموں، سبز ملبوسات اور چمکتی دمکتی لائٹوں والے بیجز بھی خوب خریدے جارہے ہیں۔

شہر قائد میں غیر معمولی حفاظتی انتخابات کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے بھی ضابط اخلاق جاری کردیا گیا ہے۔

پشاور میں بھی جشنِ ولادتِ رسولﷺ شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر بھر میں تجارتی مراکز اور اہم مقامات سمیت گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

عید میلاد کی مناسبت سے صوبائی اسمبلی اور اہم سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ شہر میں روح پرور محافل بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ 

پورے ملک کی طرح کوئٹہ میں بھی عید میلادالنبی صل اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر ہیں، اس سلسلے میں کوئٹہ میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں شعرا نے پیغمبر آخرالزماںﷺ پر عقیدت کے پھول نجھاور کئے۔


مزید خبریں :