Time 10 دسمبر ، 2017
پاکستان

کراچی : اسٹریٹ ریسنگ اور ون وہیلنگ کیخلاف کارروائی، 100 افراد زیر حراست


کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر مبینہ ریسنگ کے دوران نوجوان ظافر کی ہلاکت کے بعد سندھ حکومت جاگ گئی، سی ویو جانے والے راستوں پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے دوست سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

ہفتے اور اتوار کو سی ویو پر نوجوانوں کا کافی رش ہوتا ہے اور اتوار کو وہاں ریسنگ اور ون وہیلنگ وغیرہ کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے۔

پولیس نے آلٹریشن، کالے شیشے، اورنامکمل کاغذات رکھنے والے گاڑی مالکان کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بھی مہم کا جائزہ لینے کے لیے سی ویو پہنچے۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال— فوٹو : اسکرین گریب

پولیس نے آلٹرڈ گاڑیوں اور نامکمل کاغذات والی گاڑیوں کے تقریباً 100 مالکان کو حراست میں لیا جبکہ وزیر داخلہ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں اپیل کی کہ نوجوان اور بچے ون وہیلنگ کرکے اپنی اور دوسروں کی جان سےنہ کھیلیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان کی کوششوں سے ایک جان بھی بچ جاتی ہے تو یہ حکومت کی کامیابی ہوگی جبکہ والدین بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

اس موقع پر ایس ایس پی سائوتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا تھا کہ دو روزہ مہم کے دوران100 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ریسنگ کے لیے گاڑیاں تیار کرنے والوں کا ڈیٹا بھی تیار کیا جارہا ہے۔

فیصل واوڈا — فوٹو اسکرین گریب

چیکنگ کے دوران پولیس نے فیصل واوڈا کے دوست کو گاڑی کے کاغذات نہ ہونے اور گاڑی کے کالوں شیشوں کے باعث درخشاں تھانے منتقل کردیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ سی ویو روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر معلوم ہوا تھا کہ مبینہ ریس کے دوران ایک گاڑی نے ہیوی بائیک کو ٹکر مار دی، حادثے کے بعد پیچھے موجود گاڑی میں سوار افراد نے دوسری گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 26 سالہ ظافر اور زخمی کی زید کے نام سے ہوئی تھی۔

مزید خبریں :