14 دسمبر ، 2017
کراچی/لندن: وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے زور دیا ہے کہ حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور منتخب حکومت کسی بھی صورت غیر مستحکم نہیں ہوگی۔
لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے ملک میں جمہوریت کے غیرمستحکم ہونےکے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالات مستحکم ہیں۔
ان کا کہنا تھا، 'پارلیمنٹ کا اپنا دباؤ ہے، لیکن حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی'۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا، 'ملک کےحالات بہتر ہیں، حکومت 70 فیصد ایجنڈا حاصل کرچکی ہے اور جلد ہی تمام مسائل پر قابو پالیں گے'۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب گذشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ شاید اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہ کریں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ، 'اللہ کرے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں لیکن لگتا نہیں کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، لگتا ہے کچھ ہونے والا ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے'۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا، 'اپوزیشن کا الائنس بنانا اور مخالفت کرنا ان کا حق ہے، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں'۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ یہاں آفیشل میٹنگ کے لیے آئے ہیں، جہاں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کی بھی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ 'کسی بہت اہم اور بڑی میٹنگ کی بات غلط ہے'۔