Time 13 دسمبر ، 2017
پاکستان

لگتا نہیں اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، ایاز صادق


اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اللہ کرے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں لیکن لگتا نہیں کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، لگتا ہے کچھ ہونے والا ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو اب ہو رہا ہے نہ 2002 میں دیکھا اور نہ 2008 میں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے موجودہ حالات میں گریٹر پلان کے خطرے کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس ملک میں رہنا ہے اور ہماری نسلوں کو بھی لیکن جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اسے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے اور وہ کسی ادارے نہیں پورے ملک کے لیے اچھا نہیں۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ایک جماعت کے علاوہ سب حکومت کی مدت پوری ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، وہ پہلی بار سیاست میں ناامید ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اسمبلیاں مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہیں اور اس کے ساتھ استعفے بھی دکھائی دے رہے ہیں اور واضح کیا کہ انہیں موجودہ صورتحال میں گریٹر پلان بنتا نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ غیر فطری ہے اور کسی کیلئے بھی اچھا نہیں، ایسے حالات میں اگر سسٹم کو دھچکا لگا تو پورے پاکستان پر اس کا اثر ہوگا۔

خطرات کا ذکر کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمارے اندرونی خطرات، بیرونی خطرات سے کہیں زیادہ بڑے ہیں، موجودہ صورتحال بہت غیر یقینی کی ہے، ہمیں الیکشن کے عمل سے گزرنے کیلیے وقت درکار ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف دور میں بھی سسٹم کو لڑ جھکڑ کر چلالیا کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ پہلی بار ناامیدی کا شکار ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :