14 دسمبر ، 2017
کراچی: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور مصطفیٰ کمال کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور مصطفیٰ کمال کی دبئی میں اہم ملاقات بھی ہوچکی ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے قریب آرہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ گزشتہ روز ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور بالخصوص کراچی کی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران فاٹا اصلاحات بل سمیت دیگر قومی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ بڑھتے ہوئے روابط کے بعد دونوں رہنماؤں کی کراچی میں جلد ملاقات کا امکان ہے جس کا ٹاسک پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فیصل واوڈا کو دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور پی ایس پی کے درمیان کئی روز سے بات چیت جاری ہے جس میں خاص طور پرکراچی میں اتحاد زیر غور ہے اور پی ٹی آئی کراچی میں گرینڈ الائنس کے لیے کوششیں کررہی ہے۔
دوسری جانب اس سیاسی پیشرفت پر سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پی ایس پی سے رابطہ تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی میں شامل ہے، گزشتہ کئی عرصے سے پارٹی میں اس پر بات چیت جاری تھی کہ الیکشن کے لیے کس کے ساتھ بہتر انداز میں چلا جاسکتا ہے۔
مظہر عباس نے کہا کہ تحریک انصاف نے ابھی کسی سے اتحاد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا البتہ پی ایس پی اور پی ٹی آئی کو بہت سی چیزیں قریب لاسکتی ہیں اور اس بڑی تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ بھی ہے کہ پی ایس پی کے اندر اس حوالے سے کیا رائے پائی جاتی ہے، کراچی کی پی ٹی آئی جس میں علی زیدی اور فیصل واوڈا سرگرم ہیں وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ ایم کیوایم لندن اور پاکستان کا گٹھ جوڑ ہے، اس لیے اب نظر آرہا ہےکہ عمران خان ذہن بنا چکے ہیں کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ زیادہ مطمئن ہیں۔