03 فروری ، 2012
اسلام آباد… قومی اسمبلی نے نامکمل الیکشن کمیشن کے ماتحت ضمنی الیکشن سے متعلق آئین میں بیسیویں ترمیم کی منظوری کو حکومتی درخواست پر موخر کردیا جبکہ اسلام آباد میں آج ایک کالعدم تنظیم کی طرف سے اجتماع منعقد کرنے کا معاملہ بھی اٹھایاگیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج شروع ہوا تو نیم حکیموں کے مسئلہ پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا، وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کہاکہ اس معاملے میں پی ایم ڈی سی کا قانون تو لے آئیں لیکن صوبائی خودمختاری کا معاملہ آجاتا ہے، پیپلز پارٹی کے عبدالغفورچودھری نے کہاکہ 18ویں ترمیم جلد بازی میں منظور ہوئی، بین الصوبائی رابطہ کی وزارت صحت امور کو صوبوں سے ملکر دیکھے، قائمقام اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ 18ویں ترمیم کی منظوری پر 1 سال لگا، انہوں نے کہاکہ وزیرقانون کی درخواست پر 20ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر پر کاروائی فی الحال موخر کر دی گئی ہے، ایوان میں موجود وزیراعظم گیلانی نے خطاب میں کہاکہ وفاقی اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملہ کو ایک اضافی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اسکا اطلاق جنوری 2012ء سے ہوگا، مسلم لیگ نون کے حنیف عباسی نے کہاکہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں 17 لاکھ 86 ہزار جعلی انٹریز روکی گئی ہیںیہ بھی تحقیقات کی جائیں کہ جعلی انٹریز پر 60 ارب روپے کن کو دئے گئے، حکومتی اتحادی وزیرمملکت شیخ وقاص اکرم کالعدم تنظیم آج اسلام آباد میں جلسہ کررہی ہے، یہ وہی جلسہ ہے جسے روکنے کیلئے وزیرداخلہ نے صوبوں کو کہا تھا، اس پر وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاکہ کسی کالعدم تنظیم کا یہاں جلسہ ہوا تو تحقیقات کراکے ایکشن لیا جائے گا، زیر التواء انسداد دہشت گردی بل کا منظور ہونا بہت ضروری ہوگیا ہے۔