03 فروری ، 2012
ا اسلام آباد… وزیر اعظم کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹرخرم رسول کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی گئی۔، عدالت نے خرم رسول کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست بھی منظور کر لی۔ وزیر اعظم کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر خرم رسول کوچار روزہ ریمانڈ کی تکمیل پر سینئرسول جج اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ایف آئی اے کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ خرم رسول کا مزید سات دنوں کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ ایل پی جی فراڈ کیس اور چینی کوٹہ فراڈ کیس میں الگ الگ درخواستیں جمع کرائی جائیں۔جس کے بعدعدالت کی جانب سے خرم رسول کامزیدچار روز کا ریمانڈ دے دیا گیا۔اس موقع پر خرم رسول نے عدالت میں ایف آئی اے کے حوالے سے الزام لگایا کہ انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر ایذا دی جارہی ہے۔خرم رسول نے زبانی استدعا کی کہ اس کاطبی معائنہ کرایا جائے۔خرم رسول کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے ایل پی جی فراڈ کیس میں 63 کروڑ روپے ادا کرنے کے لئے دباو ڈال رہی ہے حالانکہ یہ معاملہ 12 یا 13 کروڑ کی لین دین کا ہے، نیب نے ان کی جائیداد ضبط کر رکھی ہے، اس صورتحال میں کیسے رقم ادا کریں۔عدالت نے خرم رسول کی زبانی استدعامنظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو اس کے طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔خرم رسول کو اب سات فروری کو عدالت میں دوبارہ پیش کیاجائے گا۔