22 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: حکومت نے پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کئی ہفتوں سے بیرون ملک مقیم ہیں جہاں سے انہوں نے وزیراعظم کو چھٹی کی درخواست دی جو منظور کرلی گئی۔
اسحاق ڈار کے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد وزارت خزانہ کا قلمدان تاحال کسی کو نہیں سونپا گیا اور اس حوالے سے امور وزیراعظم چلارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے جن کی تقرری کا نوٹی فکیشن آج ہی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رانا افضل کو وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نوازشریف کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رانا افضل منگل 26 دسمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
دوسری جانب جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا افضل نے وزیر مملکت بنائے جانے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت خزانہ بنائے جانے کےفیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے کابینہ ڈویژن آج نوٹیفکیشن جاری کر دے گا۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بھی زیر سماعت ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ عدالت مسلسل غیر حاضری پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دے چکی ہے۔