22 دسمبر ، 2017
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایم آر آئی رپورٹ کے مطابق سینیٹر کی گردن کے کئی مہروں کی درمیانی ڈسک پھیل گئی ہیں۔
گزشتہ روز اسحاق ڈار کی کمر کی ایم آر آئی کی گئی تھی جس کی رپورٹ آ گئی ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق اسحاق ڈار کی گردن کے کئی مہروں کی درمیانی ڈسک پھیل چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اسحاق ڈار کو اسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کی ہے، پہلے دواؤں اور انجکشن سے علاج کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر دواؤں اور انجکشن سے فرق نہ پڑا تو اسحاق ڈار کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن ہو گا۔
خیال رہے کہ اسحاق ڈار کو آمدن زائد اثاثے بنانے کے کیس کا سامنا ہے اور چند روز قبل احتساب عدالت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار کو ایسی کوئی تکلیف نہیں ہے جس کا علاج پاکستان میں نہ ہو سکے۔
اسحاق ڈار گزشتہ ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور انہوں نے وزیراعظم کو چھٹی کی درخواست بھی دی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا تاہم وزارت خزانہ کا چارج وزیراعظم نے اپنے پاس رکھ لیا تھا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضل سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہیں آج وزیر مملکت بزائے خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔