31 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم پاکستانی بچے حسنین کو بھارت کل پاکستان کےحوالے کرے گا۔
ذرائع وزارت خارجہ کے مطابق حسنین کو کل واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کی افسر فوزیہ منظور نے حسنین سے ملاقات بھی کی تھی جس کے دوران انہوں نے پاکستان کا جھنڈا بناکر اپنے پاکستانی ہونے کی نشاندہی کی تھی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والا 10 سالہ حسنین 17 مئی سے امرتسر جیل میں قید ہے، جیو نیوز پر خبر نشر ہونے پر بچے کے والدین کا پتہ چلا تھا۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ بھارت کے شہر امرتسر کی جیل میں ایک نو عمر پاکستانی بچہ قید ہے۔
بھارتی حکام کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا گیا تھا کہ 17 مئی کو ایک بچے کو گرفتار کیا گیا جو امرتسر کی جیل میں قید ہے، یہ لڑکا بولنے اور سننے کی صلاحیتوں سے محروم ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کو بتایا گیا تھا کہ بچہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر اور پاکستانی کرنسی کو پہچانتا ہے۔