Time 02 نومبر ، 2017
پاکستان

11 سال تک بھارتی جیل میں قید رہنے والی بہنوں کی وطن واپسی

11 سال تک ہندوستانی جیل میں قید رہنے والی 2 بہنوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا، ان میں سے ایک بہن کے ہاں جیل میں ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

فاطمہ اور ممتاز، بچی حنا کے ساتھ واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں، جہاں ان کے اہلخانہ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں بہنیں فاطمہ اور ممتاز اپنی والدہ رشیدہ بی بی کے ہمراہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے 2006 میں ہندوستان گئی تھیں، جہاں انہیں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

فاطمہ اور ممتاز، حنا کے ساتھ واہگہ بارڈر کراس کرتے ہوئے

گجرانوالہ کی رہائشی دونوں بہنوں اور ان کی والدہ کو گرفتاری کے بعد امرتسر جیل منتقل کردیا گیا جہاں 2 سال قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔ فاطمہ، جو گرفتاری کے وقت حمل سے تھیں، نے جیل میں ہی بیٹی کو جنم دیا، جس کا نام حنا رکھا گیا اور جس کی عمر اب 10 سال ہے۔

مذکورہ خواتین کو ساڑھے 10 سال قید کی سزا کے ساتھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی، لیکن ان کی سزا ختم ہونے کے بعد بھی جرمانہ ادا نہ کرنے کے باعث انہیں قید میں رکھا گیا۔

تاہم بعدازاں ہندوستان کی ایک این جی او نے جرمانہ ادا کرکے بہنوں کی رہائی کی راہ ہموار کی۔


مزید خبریں :