03 فروری ، 2012
دبئی…دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش بالرز کی عمدہ بالنگ کے باعث پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں99رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین انگلش بالرز کے سامنے نہ جم سکا۔دبئی میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب پہلے ہی اوور میں توفیق عمر بغیر کوئی رن بنائے جیمس اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پھر تو جیسے لائن لگ گئی اور وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرنے لگیں۔اظہر علی نے صرف ایک رن بناکر پویلین کی راہ لی، انہیں کرس براڈ نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔ یونس خان بھی چار رنز کے انفرادی اسکور پر کرس براڈ کا نشانہ بنے۔ محمد حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ بھی براڈ کے حصے میں آئی۔ مصباالحق صرف ایک بناسکے، انہیں اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔عدنان اکمل 6 اور عبدالرحمان ایک رن بناسکے ۔اسد شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کسی حد تک ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، انہوں نے 45 رنز بنائے۔ایک موقع پر صرف 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ محمد حفیظ، اسد شفیق اور سعید اجمل کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکورنہ کرسکا۔ کرس براڈ نے 4 ، جیمس اینڈرسن نے 3،مونٹی پنیسار نے 2 اور سوان نے ایک وکٹ حاصل کی۔تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔