05 جنوری ، 2018
جامعہ کراچی میں ملازمین کی ہڑتال کے باعث انتظامی امور ٹھپ ہوگئے جس کے باعث آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔
جیونیوز کے مطابق جامعہ کراچی کے ملازمین عہدوں پر اپ گریڈیشن، بونس اور اوور ٹائم سمیت دیگر مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں اور ان کا احتجاج کچھ عرصے سے جاری ہے۔
جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے احتجاج پر کان نہ دھرنے کے بعد ملازمین نے اب قلم چھوڑ ہڑتال کردی ہے جس کے باعث جامعہ کے انتظامی امور ٹھپ ہوگئے ہیں۔
ملازمین تمام شعبہ جات سے غیر حاضر ہیں اور ایڈمن بلاک کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جب کہ ملازمین کے احتجاج کے باعث جامعہ میں گزشتہ روز اور آج کا بی کام کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
جامعہ کراچی میں نئے داخلوں اور مختلف شعبہ جات کے امتحانات جاری ہیں اور ایسے میں ملازمین کی ہڑتال نے طلبہ کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔
ملازمین کا کہنا ہےکہ جب تک انتظامیہ ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتے وہ ہڑتال جاری رکھیں گے۔