پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

عوام فوجی نمائندہ بن کر معلومات لینے والے جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض افراد پاک افواج کے نمائندے بن کر جعلی ٹیلی فون کالز کر رہے ہیں، ان سے محتاط رہا جائے۔

عوامی آگاہی کے لیے آئی ایس پی آر نے پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد پاک افواج کے نمائندے بن کر لوگوں کو ٹیلی فون کالز کررہے ہیں جس میں مردم شماری کی معلومات کے بہانے ان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور شناختی کارڈ نمبر پوچھا جا رہا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ ایسے جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے نمائندوں کی جانب سے ایسا کوئی ٹیلیفونک رابطہ نہیں کیا جارہا۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے عوام سے درخواست کی کہ ایسے جعل سازوں کی ٹیلیفون کالز کا جواب نا دیں۔

جب کہ مسلح افواج کے نمائندے کے روپ میں کال کرنے والے کے خلاف ہیلپ لائن 1125 اور 1135 پر رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔

مزید خبریں :