پاکستان
Time 16 جنوری ، 2018

تین سیاسی کزنز مل کر آئین کے خلاف کنٹینر بنا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کی نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو—فائل فوٹو 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کنٹینر سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر بنا اور اب تین سیاسی کزنز مل کر ملک کے آئین کے خلاف کنٹینر بنا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے عمران خان، آصف زرداری اور طاہرالقادری کو آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے کہا کہ تین سیاسی کزنز نامعلوم نجومیوں کی اے بی سی ٹیم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، کیوں کہ اُنہیں یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان کے لوگ اُنہیں ووٹ نہیں دیتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں جب سی پیک بن رہا تھا اور دہشت گردی ختم ہورہی تھی تو تب بھی تو دوسری طرف کنٹینر بن رہا تھا، پہلے ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر بنا، اب تین سیاسی کزنز مل کر ملک کے آئین کے خلاف کنٹینر بنا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں جب میٹرو اور سڑکوں کا جال بچھ رہا تھا یا جب تاریخی انتخابی اصلاحات، یوتھ پروگرام ، تعلیماتی اصلاحات اور ہیلتھ پروگرام بن رہا تھا جب بھی کنٹینر بنایا گیا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کی   اے ٹیم صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی قیادت میں جو وعدہ کیا وہ پورا کیا ہے۔

مزید خبریں :