Time 04 فروری ، 2018
پاکستان

سوات دھماکے کے شہداء کی نماز جنازہ، آرمی چیف کی شرکت


سوات: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات دھماکے کے 11 شہداء کی پشاور میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی جس میں گورنرخیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، کور کمانڈر پشاور اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد آرمی چیف نے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سوات کی تحصیل کبل میں آرمی یونٹ میں ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 11 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملہ تحصیل کبل کے علاقے شریف آباد میں واقع آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں ہوا۔

خیال رہے کہ وادی سوات میں 2007 سے 2009 کے درمیان طالبان نے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا لیکن پھر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے متعدد آپریشنز کے بعد اسے واپس حکومتی کنٹرول میں لایا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے سوات سے مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے 2007، 2008 اور 2009 میں آپریشن راہ نجات کے نام سے کارروائیاں کیں۔

اس کے علاوہ آرمی نے سوات کے سب سے بڑے شہر مینگورہ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے 2009 میں راہ راست کے نام سے آپریشن بھی کیا تھا۔

مزید خبریں :