پاکستان
Time 09 فروری ، 2018

کراچی میں چینی باشندے کے قتل کے پیچھے بھارت ہوسکتا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی باشندے کی ٹارگٹ کلنگ کے پیچهے بھارت ہوسکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کلبھوشن نے تسلیم کیا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کے  لیے بھارت نے دہشت گرد نیٹ ورک تیار کر رکها ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امریکا پاکستان کی اقتصادی امداد نہیں روکے گا، افغانستان میں امن کی کوششوں میں دنیا میں کوئی ملک پاکستان سے زیادہ اہم اور مددگار نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بے پناہ قربانیاں دیں، قوم کے دل حقارت سے نہیں محبت سے جیتے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں جانوں کی قربانی سے پاکستان میں دہشتگردی کاخاتمہ کیا، ہمیں امداد نہیں برابری کی سطح پر عزت اور وقار چاہیئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی حکام کو دورہ اسلام آباد پر بتادیا تھا کہ ہم باوقار قوم ہیں اور پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کااعتراف چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر کے طور پر خطے میں سامنے آیاہے جس سے کاروباری افراد اور ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سنجیدہ ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ دور میں امریکا سے کوئی بھاری امداد نہیں آرہی، امریکہ سے ایک مضبوط پارٹنرشپ چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو حکومت اور پوری قوم نے سنجیدگی سے لیا اور بھرپور انداز میں جواب بھی دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے امریکا کو پاکستان کا تعاون درکارہوگا، دونوں ممالک مل کر افغانستان میں استحکام لاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی شواہد نہیں ملے کہ پاکستانی ریاست اسامہ بن لادن کی مدد کر رہی تهی۔

مزید خبریں :