پاکستان
Time 08 فروری ، 2018

افغانستان میں ممکنہ جنگ کیلئے امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہوگی، احسن اقبال

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال—۔فائل فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ممکنہ جنگ کے لیے امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہوگی۔

 امریکی اخبار دی واشنگٹن ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ 'پاکستان کے بغیر افغانستان میں امریکا کے جنگ جیتنے کے امکانات کم ہیں'۔ 

ان کا کہنا تھا، 'امریکی الزامات سے دونوں ملکوں میں بے اعتمادی بڑھ رہی ہے، لہذا  دونوں ملکوں کو بیٹھ کر بات چیت سےبے اعتمادی کا خاتمہ کرنا چاہیے'۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 'امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں خرابی سے خطے میں عدم استحکام ہوگا'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں'۔

انٹرویو کے دوران احسن اقبال نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ 'سی پیک سے پاکستان کا اقتصادی اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے'۔

پاک-امریکا تعلقات میں تناؤ

وزیر داخلہ احسن اقبال نے یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب گذشتہ ماہ جنوری کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :