پاکستان
Time 16 فروری ، 2018

پاک فوج کی ایل او سی پر جوابی کارروائی، 5 بھارتی فوجی ہلاک


راولپنڈی: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہریوں کو نشانہ بنانے والی پوسٹ تباہ کردی جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی تتہ پانی سیکٹر میں کی گئی جس میں متعدد بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کے خلاف بھارتی دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکول وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈرائیور شہید ہو گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی و غیر پشیہ ورانہ سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے اسکول وین کو نشانہ بنایا جانا جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر وین میں بیٹھی ہوئی ایک طالبہ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں وہ بھارتی اشتعال انگیزی کے بارے میں بتا رہی ہے۔


















وزیراعظم کی مذمت

دوسری جانب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل او سی پر اسکول وین پر بھارتی فائرنگ کی سخت مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلااشتعال اور غیراخلاقی اقدامات سے بھارت کا اصل چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے، بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کرجنیوا کنونشن کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے شہید ڈرائیور کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔

مزید خبریں :