Time 01 مارچ ، 2018
پاکستان

کراچی: عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والے 4 شہریوں سمیت 8 افراد گرفتار

عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والے ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: شہرِ قائد میں عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والے 4 شہریوں سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری  جانب نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

کچرا پھینکنے پر گرفتاریاں

پولیس کے مطابق عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر پابندی کے حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے پر 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

 یہ گرفتاریاں خواجہ اجمیر نگری اور نبی بخش تھانے کی پولیس کی جانب سے کی گئیں اور ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو سندھ حکومت نے عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور گرفتاریوں کا نو ٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے مختص کردہ جگہ کے علاوہ کچرا پھینکنے اور کچرے کو آگ لگانے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

نارتھ ناظم آباد میں ایک شخص جاں بحق

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم بلاک ایل میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 24 سالہ زید اللہ زخمی ہوگیا، جسے نجی ہسپتال لایا گیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

ٹریفک پولیس افسر پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار

علاوہ ازیں سٹی کورٹ کے قریب غلط پارک کی گئی کار لفٹ کرنے پر ٹریفک پولیس افسر پر تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

متاثرہ افسر کفیل رسالہ ٹریفک سیکشن کا لفٹنگ افسر ہے، فوٹیج میں واضح طور پر ملزم کو پولیس افسر پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

ٹیپو سلطان کے علاقے سے منشیات فروش گرفتار

ٹیپو سلطان کے علاقے سے اسنیپ چیکنگ کے دوران منشیات فروش جمیل خان کو گرفتار کرکے 30 پڑیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔

ملزم چنیسر گوٹھ اور دیگر علاقوں میں منشیات کا اڈہ چلاتا تھا۔

ملیر کینٹ میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

دوسری جانب ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں ہوائی فائرنگ کرنے والے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ملزم طلحہ اور عمیر کی چلتی گاڑی سے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی۔


مزید خبریں :