22 جولائی ، 2012
کراچی …کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں گزشتہ روز پیسے کے لین دین میں دو گروپوں میں ہونے والے تصادم کے بعدسے پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ، جس میں نو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے ،ایس پی گڈاپ جان محمد کے مطابق گزشتہ روز الآصف اسکوائر کے پیچھے جنت گل ٹاوٴن میں دو گروپوں کے درمیان پیسوں کے لین دین پر جھگڑا ہو ا جس کے دوران فائرنگ سے چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔واقعہ کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس کو نشانہ بنایا اور ایس پی گڈاپ کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی جبکہ مسلحہ ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او سلطان محسود سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ جنھیں طبی امداد کے لئے نجی اسپتال پہنچایا گیا۔ایس پی گڈاپ کے مطابق مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گزشتہ روز سات افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ آج صبح سے عبدالقادر نامی اہم ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ،،پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں جبکہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سہراب گوٹھ ، الآصف اسکوائر اور سپرہائی وے پر پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔