22 جولائی ، 2012
مظفر آباد … آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں قائم واحدیوٹیلیٹی اسٹور سے خریداری کوئی آسان کام نہیں، طویل قطار کے بعد جب سامان خریدیں تو ہرشے پر 2 روپے اضافی ادا کرنا پڑتے ہیں، آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کا واحد یوٹیلیٹی اسٹور شہریوں کیلئے رحمت کے بجائے زحمت بن گیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں سے انتظامیہ نے ہر شے کی خریداری پر 2 روپے اضافی وصولی شروع کردی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لمبی لمبی قطاریں لگانے کے بعد جب باری آتی ہے تو 2 روپے اضافی طلب کئے جاتے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔ صارفین کے مطابق یہاں بھی جتنی چیزیں مل رہی ہیں بازار سے مہنگی مل رہی ہیں اور کسٹمر سے ہر چیز پر 2 روپے ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹور منیجر بشیر سے جب اس اضافی 2 روپے کی وصولی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے وصولی کی وجہ گاڑی کا کرایہ بتایا۔ یوٹیلیٹی اسٹور کے رجسٹر میں 41 لاکھ سے زائدکا اسٹاک موجود ہے لیکن یوٹیلیٹی اسٹور پر صرف 32 لاکھ کا سامان ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی عمر اعظم کا کہنا ہے کہ 9 لاکھ کاا سٹاک یہاں موجود ہی نہیں ہے ۔