22 جولائی ، 2012
لاہور…شدید گرمی اورحبس کے بعد لاہور میں بارش نے موسم خوش گوار بنا دیا،جس سے لوڈشیڈنگ کے ستائے روزے داروں نے سکھ کا سانس لیا،موسلا دھار بارش سے شہر میں جل تھل ہو گیااور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، بچے بارش کے پانی میں اٹھکیلیاں کرتے رہے۔2دن سے لاہور شدید گرمی اورحبس کی لپیٹ میں تھا،دوپہر کو مطلع جزوی طور پر ابرآلود تھا،سہ پہر کو بادل کالی گھٹاوٴں میں بدل گئے اور موسلادھار بارش شروع ہو گئی،بارش سے گلیوں اور بازاروں میں پانی جمع ہو گیااور آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس ،گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور چہروں پر رونق آ گئی۔اس موقعہ پر اکثر مقامات پر پانی جمع ہو گیا جہاں بچے تیراکی اور اٹھکیلیاں کرتے اور ایک دوسرے پر پانی پھینک کر بارش سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے،محکمہ موسمیات نے آ ٓئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزیدبارش کی پیش گوئی کی ہے۔