پاکستان
22 جولائی ، 2012

آئین میں درج ہے منتخب نمائندے ریاستی امور چلائینگے، وزیراعظم

 آئین میں درج ہے منتخب نمائندے ریاستی امور چلائینگے، وزیراعظم

اسلام آباد … وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ ملک کے منتخب نمائندے ریاست کے امور کو چلائیں گے۔ وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں عدلیہ سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور آئین کے تحت حکومت چلارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ ملک کے منتخب نمائندے ریاست کے امور کو چلائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کے امور پر مشاورت بھی مکمل کرلی، فاٹا میں مقامی حکومتوں کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرامد میں مدد ملے گی۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیرقانون فاروق ایچ نائیک کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران قانونی امور اور عدالت میں زیر التواء مقدمات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی کے نئے قانون کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے موجودہ قانون میں کئی سقم ہیں جس سے دہشت گرد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ قانون کے تکنیکی نقائص سے وکلاء صفائی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیر قانون نے بجلی و گیس کی چوری کے خلاف قانون سازی پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ واپڈا کے 1.3 ارب روپے بجلی کی چوری کے حوالے سے پھنسے ہوئے ہیں، بجلی چوری کے خلاف قانون سازی جلد سے جلد کی جائے۔

مزید خبریں :