15 مارچ ، 2018
پاکستانی فلم ’کیک‘ کا لندن کے لیسسٹر اسکوائر میں شاندار پریمیئر ہوا، جس کے بعد اسے پہلی پاکستانی فلم کا درجہ مل گیا، جس کا پریمیئر اس مشہور مقام پر منعقد کیا گیا۔
لالی وڈ میں بھی اب ہر طرح کی فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جن میں سے ایک 'کیک' بھی ہے۔
فلم ’کیک‘ کے پریمیئر کا اہتمام لندن کے لیسسٹر اسکوائر ویو سینما میں گزشتہ شام کیا گیا، جہاں شوبز اسٹارز سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
ان شخصیات میں پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، برٹش پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ، ٹی وی کی نمائندہ سونالی شاہ، برطانوی اداکارہ میلن سائکس روزن پیلٹ بھی شامل تھیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ تفریح سے بھرپور اس فلم میں پاکستان کی خوبصورتی کو بیان کیا گیا ہے اور اسے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ضرور دیکھنا چاہیے۔
پریمئیر دیکھنے والی شخصیات نے فلم کے اسکرپٹ سے لے کر اداکاری اور فلمائے گئے مناظر کی خوب تعریف کی، یہاں تک کہ پہلی مرتبہ اس فلم کو بالی وڈ فلموں کی طرح بین الاقوامی میڈیا کوریج بھی ملی۔
فلم 'کیک' کی کاسٹ میں اداکار عدنان ملک، آمنہ شیخ اور صنم سعید شامل ہیں جب کہ فلم کے ہدایت کار عاصم عباسی اور فلمساز زلفی بخاری ہیں۔
فلم ساز زلفی بخاری
فلم ساز زلفی بخاری نے پریمیئر کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم 'کیک' محبت، نقصان، بہن بھائیوں اور والدین کے درمیان ہونے والے معاملات کو سامنے لائے گی، یہ ایک مکمل طور پر فیملی ڈرامہ ثابت ہوگی۔
اداکار عدنان ملک
یہ فلم عدنان ملک کی ڈیبیو فلم ہوگی، جس کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ فلم بالکل کیک کی طرح ہے، جس کی مختلف سطحیں (layers) ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی پاکستان کے حقیقی حالات پر مبنی ہے، جس میں ایک پاکستانی خاندان کے درمیان ہونے والے مختلف تنازعات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
آمنہ شیخ
اداکارہ آمنہ شیخ کا کہنا تھا کہ یہ فلم مزاحیہ اور حقیقت سے بھرپور ہے جو دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بھی بکھیرے گی اور آنکھیں بھی نم کردے گی۔
فلم بینوں کا کہنا ہے کہ فلم 'کیک' پاکستانی فلم نگری کو ایک نیا موڑ دے گی کیونکہ یہ ہر اعتبار سے بہترین ہے۔
اس میں کہانی ہے، حقیقی جذبات دکھائے گئے ہیں اور یہ بھی کہ کیسے ذمہ داریاں پوری کی جاتی ہیں اور اس سب کے ساتھ ساتھ مسکراہٹ بکھیرنے والے لمحات بھی فلم کا حصہ ہیں۔
فلم رواں ماہ 30 تاریخ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی تاہم دیکھنا یہ ہے کہ کیا فلم ’کیک‘ شائقین کی توقعات پر پورا اترے گی یا فلم نگری کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔