Time 19 فروری ، 2018
انٹرٹینمنٹ

فلم ’کیک‘ میں کیا چھپا ہے؟

فلم ’کیک‘ کتنی میٹھی ہوگی یہ تو سب کو 30 مارچ کو معلوم ہوگا اور ساتھ ہی کیک کی تہہ میں چھپی ’مسٹری‘ بھی۔

ابھی تو کیک کے ’ٹیزر‘ اور ’ٹریلر‘ نے سب کو چونکا دیا ہے جو فلم کا ٹریلر دیکھ رہا ہے وہ فوراً اس فلم کو بالی وڈ کی مشہور فلم ”کپور اینڈ سنز“ سے ملارہا ہے۔

اب ایک تو ’کاپی‘ وہ بھی ’کپور اینڈ سنز‘ جس کے ہیرو کوئی اور نہیں اپنے’فواد خان‘ تھے لگتا ہے دال میں کالا یعنی میٹھے کیک میں چھپا کچھ ’کڑوا‘ ضرور ہوگا جو فلم دیکھنے والوں کو چونکا دے گا۔

آمنہ شیخ اور صنم سعید کا فلم میں ایک منظر — فوٹو: فلم آفیشل فیس بک پیج

فلم کی کہانی، کردار، لوکیشن اور ٹریٹمنٹ ہی نہیں ٹریلر بھی کم و بیش ’کپور اینڈ سنز‘ جیسا ہے۔ وہاں دو بھائی یہاں دو بہنیں (شاید فیملی میں ایک آدھ اور لوگ ہوں)۔ وہاں دادا کے بیمار ہونے پر پوتا اپنے دیس واپس آتا ہے یہاں بیٹی اپنے باپ کے آئی سی یو داخل ہونے کے ’میسج‘ پر وطن واپس آتی ہے۔ 

پھر وہاں بھائیوں کی گاڑی میں نوک جھونک اور تفریح ہوں یا ایک دوسرے سے ناراضی اور ماضی ہو یا یہاں بہنوں کی مار پیٹ سب کچھ ایک جیسا دکھتا ہے۔

وہاں بھی ایک خواہش تھی یہاں بھی ایک خواب ہے۔ وہاں بھی بھائیوں کے درمیان رقابت تھی یہاں بھی بہنوں کے درمیان دھوکہ ہے۔ وہاں دادامنہ پھٹ اور بولڈ لیکن محبت کرنے والے تھے یہاں یہ جذبات ماں اور باپ میں تقسیم کردیے گئے۔

فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکاروں کی موج مستیاں — فوٹو: بشکریہ فیس بک

اب اگر کوئی سمجھتا ہے اتنی مماثلت کے بعد ’کیک‘ دیکھنے کوئی نہیں جائے گا تو غالباََ وہ غلط ہے کیونکہ ابھی سے ہر جگہ اس فلم اور ’کپور اینڈ سنز‘ کے موازنے سے اس فلم کو پبلسٹی مل رہی ہے۔ کوئی یہ بحث کر رہا ہے دونوں میں کیا مماثلت ہے تو کچھ طبقہ ایسا بھی ہے جو یہ بتارہا ہے کہ اس فلم کیا ہے جو ’کپور اینڈ سنز‘ میں نہیں ہے۔

اب ہر وہ شخص جس نے کپور اینڈ سنز دیکھی ہے اور اب اس نے اس فلم کا ٹریلر دیکھا ہے تو وہ فلم اس لیے دیکھنے جائے گا کہ وہ بیٹھ کر دونوں فلموں میں فرق تلاش کرسکے یا ’کاپی کیٹ‘ کے کیڑے۔

بالی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کا ایک منظر — فوٹو: بھارتی میڈیا

اب یہ بھی بات دلچسپ ہے کہ تقریبا ہر وہ شخص جو کراچی، لاہور یا اسلام آباد میں سینما کی مہنگی ٹکٹ اپنے اور خاندان کیلئے خرید سکتا ہے اس نے ’کپور اینڈ سنز‘ دیکھی ہوئی ہے اور وہ فلم ابھی بھی ان سب کے ذہنوں میں ہے اور شاید دل میں بھی، اب ایسے میں اسے کوئی بڑا سرپرائز مل گیا تو فلم بڑی ہٹ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی دلچسپ اتفاق ہے کہ دو سال پہلے’مارچ‘ میں ریلیز ہونے والی کپور اینڈ سنز کا ٹریلر بھی فروری میں ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم میں آمنہ شیخ اور صنم سعید کے والدین کا کردار کرنے والے اداکار — فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج

فلم ’کیک‘ میں سینما کے بڑے اداکار نہیں لیکن ٹی وی کے اچھے اداکار ضرور ہیں، فلم کی کاسٹنگ ٹریلر تک بڑی موزوں بھی لگ رہی ہے اور فلم میں ایسے مکالمے بھی ہیں جو بالی وڈ میں تو ’ہیومر‘ ہوتا ہے لیکن ہمارے کچھ ”نقاد“ یہاں کی فلموں میں انھیں”ٹوائلٹ ہیومر“ گردانتے ہیں۔

صنم سعید اور آمنہ شیخ بہت موثر اور ’نیچرل‘ اور میکال ذوالفقار بہت ’ہینڈ سم‘لگ رہے ہیں، فلم میں فارس خالد اور عدنان ملک بھی ہیں اور محمد احمد کے ساتھ بیو ظفر بھی۔ ٹریلر کی حد تک فلم کی عکاسی اور ایڈیٹنگ کے ساتھ بیک گراوٴنڈ میوزک بھی زوردار لگ رہا ہے۔

فلم کی اسٹار کاسٹ تشہیری مہم میں مصروف — فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج

گانے، کہانی اور فلمیں تو دونوں طرف اکثر کاپی ہوتی ہیں لیکن ان میں سے جو نقل یا پھر”انسپائرشن“ اچھی ہوتی وہ باکس آفس پر کامیاب ہو یا ناکام اس کی تعریف ضرور کی جاتی ہے۔ 

بہت سال پہلے امیتابھ اور ونود کھنہ کی کلاسک فلم ’پرورش‘ ریلیز ہوئی تھی پھر یہاں اس کی ایک کاپی بنائی گئی جس کا نام تھا  ’ہم سے ہے زمانہ‘ تھا۔ اس فلم میں پرورش کی مذکر کہانی کو مونث بنا کر پیش کیا گیا یعنی وہاں جو ہیرو کے کردار تھے وہ یہاں ہیروئن کے کرداروں میں بدل دیے گئے اور وہاں جو کردار نیتو سنگھ اور شبانہ اعظمی نے کیے وہ یہاں ندیم صاحب اور نیپالی اداکار شیوا نے نبھائے تھے۔

آج پرورش سب کو یاد ہے لیکن ہم سے ہے زمانہ کس زمانے کی فلم تھی شاید کوئی نہیں جانتا لیکن اب دیکھتے ہیں اس کیک سے کس کس کا منہ میٹھا ہوگا۔

نوٹ:

1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا، اُس فلم کیلئے کام کرنے والا فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے۔

2۔۔ ہر فلم سینما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے۔ فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آ پ کے ٹی وی ، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔

3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اور ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے، جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

4۔۔ غلطیاں ہم سے، آپ سے، فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔ آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔

ٹھہریئے ذرا اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں:



مزید خبریں :