Time 15 مارچ ، 2018
پاکستان

گجرانوالہ: چوری سے روکنے پر بڑے بھائی کوقتل کرکے لاش بھٹی میں جلانے والا ملزم گرفتار

فیکٹری کی وہ بھٹی جہاں مقتول کو مبینہ طور پر جلایا گیا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

گجرانوالہ میں چوری سے منع کرنے پر چھوٹے بھائی نے مبینہ طور پر بڑے بھائی کو قتل کر دیا اور جرم چھپانے کے لیے لاش کو لوہا پگھلانے والی بھٹی میں جلا دیا۔

ایس ایچ او تھانہ کھیالی فرحت چٹھہ کے مطابق 2 روز قبل انور نامی شہری نے اپنے دو بیٹوں طیب اور علی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی جس پر تفتیش شروع کی گئی۔ 

پولیس نے چھوٹے بیٹے علی کو تلاش کرکے تفتیش کی تو اس نے اپنے بڑے بھائی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت دونوں بھائی فیکٹری میں موجود تھے جب چھوٹے بھائی کو لوہا چراتے دیکھ کر بڑے بھائی طیب نے منع کیا تو دونوں میں جھگڑا ہو گیا جس پر علی نے مبینہ طور پر لوہے کا راڈ طیب کے سر میں مار کر اسے قتل کر دیا اور بعدازاں لاش کو لوہا پگھلانے والی بھٹی میں جلا دیا اور خود دوستوں کے ساتھ مری چلا گیا۔

 ایس ایچ او تھانہ کھیالی کے مطابق بھٹی سے ملنے والی مقتول کی ہڈیاں اور دیگر شواہد لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔


مزید خبریں :