16 مارچ ، 2018
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں باکسنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان کردیا۔
عامر خان نے باکسنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیلیفورنیا میں چین-پاک انویسٹمنٹ کارپوریشن (سی پی آئی سی) کی امریکن لانچ کی تقریب کے دوران کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ گوادر میں ایک زمین خریدنا چاہتے ہیں جہاں وہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ’عامر خان باکسنگ اکیڈمی‘ کھولیں گے تاکہ پاکستان میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے اور انہیں سی پی آئی سی کی پوری ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ اس سلسلے میں معاونت کرے گی۔
تقریب کے موقع پر عامر خان نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ گوادر میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر غور کریں کیونکہ یہاں بہت سے مواقع موجود ہیں اور مستقبل میں گوادر پاکستان کی ترقی کا ضامن ہوگا۔
اس موقع پر سی پی آئی سی کے ترجمان ذیشان شاہ نے بتایا کہ گوادر کی اہمیت پر روشنی ڈالنے کے لیے انہوں نے لندن میں بس مہم کا آغاز کیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بسیں ڈبل ڈیک ہیں جو لندن کے 17 روٹس سے گزریں گی جس پر گوادر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے والے بینر اور اشتہار چسپاں ہوں گے جو اس شہر کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔
ذیشان شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہر قوم کو ترقی کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے اور آئندہ 10 برسوں میں پاکستان کی معیشت دنیا کے تیزی سے بڑھنے والے ممالک میں شامل ہوگی جس کی کامیابی کا انحصار سی پی آئی سی پر ہوگا۔