Time 12 اپریل ، 2018
پاکستان

رمضان پیکج کیلئے 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی منظوری آج دی جائیگی

یوٹیلی اسٹور کے باہر قطاریں دیکھی جاسکتی ہیں۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کے تحت 19 اشیاء ضروریہ پر 4 سے 50 روپے تک سبسڈی دینے کی سمری تیار کر لی۔

رمضان المبارک کے سلسلے میں یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتوں پر چھوٹ دینے کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ 

اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری منظور کی جائے گی۔

سمری کے مطابق رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 19 اشیاء ضروریہ پر ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ کی سبسڈی دینے کی تجویز ہے جس کے بعد چینی، آٹا، چاول، دال، گھی، تیل، بیسن، چائے اور خشک دودھ سمیت دیگر اشیاء کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ 

رمضان پیکج کے لئے آٹے پر 4 روپے فی کلو، چینی پر 5 روپے سبسڈی دینے کی تجویز ہے جب کہ گھی پر فی کلو 15 اور آئل پر 10 روپے  کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ 

دال چنا پر 20، دال مونگ پر 15، دال ماش اور مسور پر 10 ،10 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجاویز  ہیں۔ 

سفید چنے پر 25 روپے، بیسن پر فی کلو 20 روپے،کھجور پر 30، باسمتی چاول، سیلا اور ٹوٹا چاول پر 15،15 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔ 

اسی طرح مشروبات کی 1500 ملی لیٹر بوتل پر 15 روپے، 800 ملی لیٹر بوتل پر 10 روپے جبکہ چائے پر 50 روپے اور خشک دودھ پر 15 روپے سبسڈی دینے کی تجاویز سمری کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں :