پاکستان
Time 18 اپریل ، 2018

بکے ہوئے ووٹوں سے منتخب سینیٹرز کا مستقبل کیا ہوگا؟ خواجہ آصف

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کیا بنے گا، سینیٹ الیکشن کا ساراعمل شروع سے ہی غلط تھا، خواجہ آصف — فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکالنے کے اعلان کے بعد سوال اٹھایا ہے کہ ان ارکان اسمبلی کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز کا مستقبل کیا ہوگا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ’یہ بتایا جائے ان ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کیا بنے گا‘۔

عمران خان کی نیوز کانفرنس کے بعد وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن کا ساراعمل شروع سے ہی غلط تھا۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے اراکین قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہمارے 60 اراکین ہیں اور پارٹی تحقیقات کے مطابق 20 اراکین نے اپنے ووٹ بیچے اور وہ وہ لوگ سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوئے جن کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ جن ارکان نے ووٹ بیچا انہیں شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں، اگر یہ اراکین مطمئن نہ کر سکے تو انہیں نا صرف پارٹی سے نکالیں گے بلکہ ان کے نام نیب کو بھی بجھوائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ان 20 اراکین کے نام بھی بتائے جنہیں شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، ان ارکان میں نرگس علی، دینا ناز، نگینہ بی بی، فوزیہ بی بی، نسیم اختر، سردار ادریس، عبید مایار، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، عارف یوسف، جاوید نسیم، یاسین خلیل، فیصل زمان، سمیع علی زئی، معراج ہمایوں، خاتون بی بی، بابر سلیم اور وجیہ الزمان شامل ہیں۔

مزید خبریں :