19 اپریل ، 2018
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر ندیم افضل چن اور عمران خان کی ملاقات کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سینئر رہنما جہانگیر ترین اور شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی جدوجہد کو سراہا اور انہوں نے پارٹی چیئرمین کو 25 اپریل کو اپنی رہائش گاہ آمد کی دعوت دی جو عمران خان نے قبول کرلی۔
دوسری جانب نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کی تصدیق کی۔