پاکستان
Time 19 اپریل ، 2018

نیب کا سعد رفیق، سراج درانی سمیت اہم شخصیات کیخلاف کرپشن کی جانچ پڑتال کا فیصلہ

قومی احتساب بیورو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت اہم شخصیات کے خلاف حرکت میں آگیا 

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت اہم شخصیات کے خلاف کرپشن کی شکایات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا جبکہ بیرون ممالک فرار اہم بیوروکریٹس کو وطن وآپس لانے کے لیے انٹرپول کو خطوط بھی لکھے جائیں گے۔

قومی احتساب بیورو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت اہم شخصیات کے خلاف حرکت میں آگیا۔

خواجہ سعد رفیق پر لوکوموٹو (ریل کے انجنز) کی مرمت کرنے والی مشینوں کی خریداری اور لاہور میں ریلوے کی قیمتی اراضی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیز پر دینے کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثوں اور سیکرٹری سندھ اسمبلی غلام عمر فاروق کے ہمراہ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر میں غیر قانونی تقرریوں کی شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم بھی دے دیاگیا۔

نیب کی طرف سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق سربراہ منظور قادر اور سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ شاہ زر شمعون کو وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول کو خطوط لکھنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی نیب پنجاب نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کی پراپرٹی کے لین دین میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل خواجہ سعد رفیق کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری طلب کر کے ریلوے میں 60 ارب روپے کی کرپشن کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی۔

چیف جسٹس نے پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

مزید خبریں :