میموگرام 50 سال میں کروانیکی تجویز تبدیل، خواتین کو اب کس عمر سے یہ ٹیسٹ کروانا چاہیے؟

میموگرام چھاتی کے خاص ایکسرے کو کہتے ہیں جو ڈاکٹر چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات کا پتا لگانے کیلئے استعمال کرتے ہیں/ فائل فوٹو
میموگرام چھاتی کے خاص ایکسرے کو کہتے ہیں جو ڈاکٹر چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات کا پتا لگانے کیلئے استعمال کرتے ہیں/ فائل فوٹو

بروقت چھاتی کے کینسر کی تشخیص مرض کو قابل علاج بنادیتی ہے اور میموگرام  ایسا ٹیسٹ ہے جو چھاتی کے کینسرکو وقت سے پہلے تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

چھاتی کا کینسر خواتین میں کینسر سے ہونے والی اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے جب کہ  سی ڈی سی کے مطابق ہر سال تقریباً 42 ہزار خواتین اور 500 مرد اس بیماری سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

میموگرام ٹیسٹ

میموگرام چھاتی کے خاص ایکسرے کو کہتے ہیں  جو ڈاکٹرز چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات کا پتا لگانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

میموگرام ٹیسٹ کے حوالےسے کچھ عرصہ قبل تک ماہرین کا ماننا تھا کہ خواتین کو 50 سال کی عمر میں میموگرام کرانا ضروری ہے تاہم 40سے 49 سال کی خواتین ذاتی خطرے کو بھانپتے ہوئے میموگرام ٹیسٹ کرواسکتی ہیں لیکن اب 40 سال کی تمام خواتین کے لیے میموگرام ٹیسٹ کی سفارش سے متعلق رائے تبدیل کردی گئی ہے۔

امریکی ماہرین نے میموگرام ٹیسٹ کے حوالے سے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ 40 سال کی عمر سے ہر دوسرے سال اسکریننگ کروائیں۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا  اسپیشلسٹ اور Preventive Services Taskforce کی  سفارشات کے شریک مصنف کیرول مینگیون کا کہنا ہے کہ سائنس کے وسیع دائرہ کار نے ہمیں 50 سال سے کم عمر کی خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق  اپنی پیشگی سفارشات کو بڑھانے کی اجازت دی ہے۔

مینگیون کا کہنا ہےکہ 40 سال کی عمر  خواتین میں چھاتی کے کینسر کی شرح میں اضافے کی طرف اشارہ کرتی ہے، عمر کے اس دور میں زیادہ تر خواتین کی تعداد چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہورہی ہے۔

مینگیون کے مطابق اگر تمام خواتین ہماری نئی سفارش پر عمل کرتی ہیں تو ہم امریکا میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات میں تقریباً 20 فیصد کمی کر سکتے ہیں کیوں کہ اس طریقہ کار سے ایک سال میں تقریباً 8ہزار جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

سفارشات کے مطابق فیملی ہسٹری  یا جینیاتی خطرہ رکھنے والی خواتین میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ زیادہ پایا جاتا ہے، ایسی خواتین40 سال کی عمر سے قبل  اسکریننگ کا آغاز کرسکتی ہیں۔

امریکن کالج آف اوبسٹیٹریشینز اینڈ گائناکولوجسٹ کی تجویز کے مطابق چھاتی کے کینسر کا اوسط خطرہ رکھنے والی خواتین کو ہر ایک سے 2 سال بعد ایک میموگرام کروانا چاہیے، ایسی خواتین میمو گرام ٹیسٹ کی شروعات 40 سال کی عمر سے کرسکتی ہیں ۔

دوسری جانب 40 سال کے بعد ہر دوسرے سال میموگرام کروانا خواتین کیلئے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔